گڈو ، سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب،پنجاب میں ہر طرف تباہی
لاہور، ملتان، بہاولپور،سکھر: (خبر نگار،نمائندگان )گڈو ، سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب،پنجاب میں ہر طرف تباہی کی ہو لناک داستانیں، کئی بستیاں اور مکانات کھنڈرات میں تبدیل ہو گئے۔
لاہور کی 5 تحصیلوں کے 26 موضع جات سیلاب سے متاثر ، 82 ہزار 952 افراد کو سیلاب نے نقصان پہنچایا، 36 ہزار 658 افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی،علی پور میں کئی بستیاں اجڑ گئیں، بستی لاشاری ، بستی چنجن ، بستی میسر ، بستی چانڈیہ سیلابی پانی کی نذر ہو گئیں، خان گڑھ ڈوئمہ، سیت پور، لتی ماڑی، چوکی گبول، عظمت پور شدید متاثر ہوئے۔
گھلواں دوم ، چوکی گبول ، مڑی اور دیگر علاقے بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں ہیں،دریائے ستلج میں منچن آباد کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی کے باوجود بحالی کا عمل شروع نہ ہو سکا، موضع بہرامکا ہٹھاڑ میں متاثرین کی زندگیاں معمول پر نہ آسکی،منچن آباد کے 15 سے زائد دیہات کا تاحال زمینی رابطہ منقطع ہے، متاثرہ علاقوں میں اب بھی 5 سے 7 فٹ تک سیلابی پانی موجود ہے، سینکڑوں ایکڑ پر کاشت فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
ادھر اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں سیلاب سے صورتحال ابتر ہو گئی، اوچ شریف کے 36 موضع جات میں مکانات منہدم ہوئے، ہزاروں ایکڑ رقبہ متاثر ہوا،چشتیاں میں سیلابی ریلے نے 47 موضع جات کو لپیٹ میں لے لیا، لوگوں کے گھر بار اجڑ گئے،شجاع آباد کی بستی سو من میں بھی سب ملیا میٹ ہو گیا، سینکڑوں مکانات گرنے سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے،عارفوالا میں بھی ہر طرف تباہی کی داستانیں ہیں، کئی بستیاں برباد ہو گئیں،جلالپور پیروالا میں موٹر وے بھی سیلاب کی نذر ہو گئی، ایم فائیو کو جلالپور پیر والا کے قریب بند کر دیا گیا۔
دوسری جانب گڈو بیراج پر پانی کی آمد 609137، اخراج 580927 ، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 571800، اخراج 518120 ، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 300853 ، اخراج 289098 ،پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 234755، اخراج 229905 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ،گھوٹکی میں سیلابی پانی رونتی بچاو بند سے ٹکرا گیا، کپاس اور گنے کی فصلیں زیر آب آ چکی ہیں، نوشہرو فیروز میں کمال ڈیرو کے قریب ماہی جو بھان کا زمیندارہ بند ٹوٹ گیا ، 50 سے زائد دیہات ڈوب گئے،نوڈیرو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاو 5 لاکھ 26 ہزار 67 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، موریا لوپ بند اور برڑا پتن پر پانی کا شدید دباوہے،سیلاب سے مٹھو کھڑو گاوں شدید متاثر ہو گیا، پانی گھروں میں داخل ہونے لگا ہے،صوبائی دارالحکومت لاہورمیں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر لی گئی۔


















