سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ،وعدہ ہے نقصانات کاازالہ کرینگے:مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، ریلیف کیمپ میں سیلاب سے متاثرہ بچوں سے اظہار شفقت ، دسترخوان پر بیٹھ گئیں اور کھانا بھی کھایا، وزیرآباد میں متاثرین سے ملاقات کی، خواتین سے مصافحہ اور گلے بھی لگایا،مریم نواز نے مشکل کی گھڑی میں انہیں پنجاب حکومت کی طرف سے مکمل طور تعاون او ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی، سوہدرہ کے تلاوانہ محلے کا دورہ بھی کیا، وزیر اعلیٰ نے علاقے میں سیلابی پانی کی صورتحال کا اور علاقے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا، مریم نوازنے کہاسیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں، سیلاب کی زد میں آنیوالے علاقوں کے عوام انتظامیہ سے تعاون کریں، خدارا اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت کو ترجیح دیں، پنجاب کے تمام متاثرین کا حق انہیں پہنچایا جائے گا، یہ وعدہ ہے، آپ کےگھروں،فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کاازالہ کریں گے۔