سیلاب متاثرہ خاندانوں کی بحالی مشن ،آباد کاری تک مدد کرینگے:مریم نواز
لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کی بحالی مشن ہے، بے گھر وں کی آباد کاری تک بھرپور مدد کریں گے،وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر پنجاب میں سیلاب متاثرین کےلئے گرینڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں،مزید بر آں وزیراعلیٰ مریم نواز سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے راوی پل پر پہنچ گئیں،چیف سیکرٹری، ریسکیو حکام سمیت دیگر افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی، مریم نواز کو چیف سیکرٹری ، ریسکیو حکام نے بریف کیا اور امدادی کارروائیوں کے متعلق آگاہ کیا، اس موقع پروزیر اعلیٰ پنجاب نے راوی پل سے ہاتھ ہلا کر ریسکیو اہلکاروں کو شاباش بھی دی،دریں اثناءوزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا جھیلیں ثقافت، سیاحت اور ماحول کی شناخت ہیں، پنجاب کی جھیلوں کو سیاحت کے مراکز بنا رہے ہیں،جھیلوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا جھیلیں قدرت کا حسن اور حیاتیاتی زندگی کا استعارہ ہیں، جھیلیں پانی، حیاتیاتی تنوع اور ماحول کی ضامن ہیں، خوشاب، کلرکہار اور دیگر علاقوں کی قدرتی جھیلوں کو محفوظ اور اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جھیلوں کا قدرتی ماحول محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہے، پنجاب سیاحتی ترقی اور قدرتی توازن کےساتھ آگے بڑھ رہا ہے، بہتر مستقبل کیلئے جھیلوں کو محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

















