متروکہ وقف املاک بورڈ میں کرپشن، ون مین شو، چیک اینڈ بیلنس کا فقدان
لاہور (علی جنید) وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذہب ہم آہنگی کے ذیلی ادارہ متروکہ وقف املاک بورڈ کرپشن، ون مین شو، چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث شدید ترین مشکلات میں دھنس چکا، محکمانہ بجٹ سال 2024-25 میں کرنٹ لیز، کرنٹ رینٹ، کرایہ داری کے بقایاجات، لیز کے بقایاجات کی آمدن اور شرائن کے ضرورت سے زائد اخراجات نے متروکہ وقف املاک کو دیوالیہ ہونے کی دہلیز پر پہنچا دیا ہے۔ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کی جانب سے وفاقی وزیر سردار یوسف، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر عطاءالرحمن اور موجودہ چیئرمین ڈاکٹر ساجد چوہان کو ظاہر کیا گیا ہے کہ بجٹ بہترین کارکردگی کا نمونہ ہے جبکہ وفاق کی جانب سے بھی مذکورہ بجٹ کے اعدادوشمار چیک تک کرنا گوارہ نہیں کئے گئے جبکہ ”مشرق“ نے تحقیقات کرتے ہوئے محکمے کے خسارے پر مشتمل بجٹ کی تمام تر دستاویزات حاصل کر لی ہیں۔ ذرائع نے تمام دستاویزات کی روشنی میں بتایا ہے کہ سال 2024-25 میں متروکہ وقف املاک بورڈ بجٹ میں ماہانہ کرایہ داری ٹارگٹ 3880 ملین تھا جبکہ 3640 ملین وصول ہوئے اور یوں 240 ملین نقصان ہوا۔ کرنٹ لیز 770 ملین ٹارگٹ تھا اور272 ملین حاصل ہوئے، 48 ملین کہاں غائب ہوئے، کرایہ داری بقایاجات وصولی ٹارگٹ 751 ملین اور حاصل 347 ملین تو پھر 404 ملین کہاں چلے گئے، لیز بقایاجات ٹارگٹ 351 ملین، وصول ہوئے 126 ملین تو 240 ملین کہاں چلے گئے۔ اسی طرح گردواروں، مندروں کی مرمت وغیرہ پر 101 ملین خرچ کرنے تھے جبکہ 110 ملین خرچ کردئیے گئے، شرائن میلہ جات ٹارگٹ 547 ملین تھا جبکہ 764 ملین اخراجات کئے گئے اور اس پر 217 ملین کیوں زیادہ اخراجات ہوئے۔ دفتری اخراجات و سٹاف ٹارگٹ اخراجات 540 ملین تھا اور 1397 ملین خرچ کئے گئے تو پھر 857 ملین کس چیز پر خرچ کردئیے گئے، ملازمین کی تنخواہوں، دفتری مرمت، میڈیکل وغیرہ ٹارگٹ 613 ملین تھا اور 20 ملین زیادہ خرچ کئے گئے۔ مذکورہ بجٹ میں کل 7017 ملین کا ٹارگٹ تھا جبکہ 5650 ملین وصول ہوئے اور 1367 ملین کا خسارہ ہوا۔ واضح رہے ”مشرق“ نے بجٹ کی تمام تر تحقیقات متروکہ وقف املاک بورڈ کے سرکاری آفیشل دستاویزات کے مطابق کی ہیں۔ موقف کیلئے وفاقی وزیر اور وفاقی سیکرٹری سے متعدد بار رابطے کئے گئے لیکن انہوں نے کال ریسیو نہیں کی۔

















