بنیان مرصوص کی کامیابی سے منفی قوتیں خائف ،ہر لمحہ تیار رہنا چاہیے:مریم نواز
لاہور :(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات پرخصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے،اجلاس میں مریم نواز نے انتظامیہ سے فوری ہنگامی پلان طلب کر لیے
مریم نواز نے کوڈ آف کنڈیکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کرنے، بینرز، پوسٹر آویزاں کرنے،صوبہ بھر میں وال چاکنگ پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا، مریم نواز نے محرم الحرام میں ڈرون اڑانے پر پابندی کی خلاف ورزری پر فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ذاتی نگرانی کرنے ، علماءکرام کے پاس خود جانے ، سیف سٹی اتھارٹی کو خراب کیمرے ٹھیک کرانے ،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو نفرت انگیز مواد کی مانیٹرنگ کا ٹاسک و رپورٹنگ ، سبیلوں میں روح افزا ، لیموں پانی ، ٹھنڈے پانی کی بوتلیں مہیا کرنے ، سبیلوں کی نشاندہی اور مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا ، اجلاس میں جلوسوں اور مجالس میں سکیورٹی کےلئے لوہے کے پائپ نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا محرم الحرام کے ایس او پیز محض پیپر پر نہیں عملی طور پر اقدامات نظر آنے چاہئیں، بجلی کے لٹکتے ہوئے تار بہت بڑا رسک ، ایمرجنسی آپریشن کیا جائے، عاشورہ جلوسوں اور مجالس کے دوران بجلی بندش بالکل نہیں ہونی چاہیے، سٹریٹ لائٹس بھی بند نہ ہوں، مین ہول میں اب بھی لوگ گر کر مررہے ہیں،نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں بھی گٹروں کے ڈھکن لگائیں،پیچ ورک ہر سال محرم پر کیا جاتا ہے پھر دوبارہ روٹ پر گڑھے کیسے بن جاتے ہیں؟۔
وزیراعلیٰ نے کہا جنگ کے تناظر میں محرم الحرام کو حساس تصور کیا جائے، پاکستان دشمن قوتیں موقع نہیں جانے دیں گی،”بنیان مرصوص“ کی کامیابی سے منفی قوتیں خائف ہیں، ہمیں ہر لمحہ تیار رہنا چاہیے، پنجاب حکومت کا تاثر خدمت گزار حکومت کا بن چکا ، برقرار رکھنا اور بڑھانا ہے، ہر موقع پر انتظامات کو پہلے سے زیادہ بہتر ہونا چاہیے، کابینہ ارکان متعلقہ اضلاع میں موثر نگرانی کا فرض سرانجام دیں، سٹیک ہولڈرز کو اہم فیصلوں میں شامل اور مطلع رکھنا چاہیے، عوام کو ہر جگہ پر حکومت اور حکومت کی رٹ نظر آنی چاہیے، تمام اضلاع میں پبلک کمیٹیوں کو فعال اور پوری طرح متحرک کیا جائے،تفرقہ اور نفرت نئی نسل کےلئے زہر ناک ہے، ہر قیمت پر خاتمہ چاہتے ہیں۔
مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز نے انٹرنیشنل ڈے آف ویمن ان ڈپلومیسی پر خواتین سفارتکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سفارتکاری کے میدان میں تاریخ ساز کردار ادا کرنے والی باہمت خواتین قوم کا سرمایہ ہیں، جب خواتین سفارتکاری کی قیادت کرتی ہیں تو یہ ڈپلومیسی امن اور انسانیت کا امتزاج بن جاتی ہے،بصارت سے محروم پاکستانی خاتون سفارتکار نے اقوام متحدہ میں اپنی بصیرت کا لوہا منوایا۔


















