اسرائیل، فلسطین ، ایران کا تنازع بڑھتا نظر آ رہا ہے،سپیکر پنجاب اسمبلی


لاہور :(اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے اسرائیل، فلسطین اور ایران کا تنازع بڑھتا نظر آ رہا ہے،کشمیر اور غزہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے۔

”پاکستان میں محفوظ اور جامع میڈیا: مواقع، چیلنجز اور مستقبل کا لائحہ عمل“ کے موضوع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا ایران پر اسرائیلی حملے سے خوف کی فضاءپیدا ہو گئی ، دنیا کی لیڈر شپ پہلے جنگی جنون کو روکتی رہی اب صورتحال تبدیل ہوگئی، جنگ نے فلسطین کو تباہ کر دیا، لاتعداد بےگناہ لوگوں کو شہید کیا گیا، غزہ میں انسانیت کو قتل کیا جا رہا ہے، کشمیر اور غزہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے،جنگیں آزادیوں کا قتل کریں گی، انسانی حقوق کی جدوجہد کا قتل ہوگا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا میڈیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، میڈیا کے لوگ کیسے محفوظ رہ سکیں گے؟،جنگ کے دوران سب سے بڑا قتل سچ کا ہوتا ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی میڈیا نے حقائق مسخ کر کے پیش کیے، بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر اپنی جنگی برتری ثابت کرنے کی کوشش کی،پاک بھارت جنگ میں امریکی صدر کا کردار قابل ستائش تھا،ملک احمد خان نے پاک بھارت تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارتی میڈیا نے جنگی جنون کو ہوا دی اور یہ بھی نہیں سوچا دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں اگر جنگ چھڑ جاتی تو سنگین نتائج برآمد ہوتے، سپیکر نے امریکی صدر ٹرمپ کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا،ملک احمد خان نے کہا مصنوعی ذہانت (AI) پر گفتگو کرتے ہوئے کہا اے آئی کی ہراسمنٹ کو روکنے اور اخلاقی استعمال کو یقینی بنانے کےلئے عالمی سطح پر موثر قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے اگر اے آئی کو غیر منظم چھوڑا گیا تو نتائج انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔