مریم نواز کاایک انقلابی اقدام،پاکستان کے پہلے اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک سنٹر کا قیام
لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں پاکستان کا پہلا اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک سنٹرقائم کر دیا گیا ، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر کال کر کے ورچوئل بلڈ بینک سنٹر سے مریض درکارخون کوفوری طور حاصل کیا جاسکتا ہے۔
ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرنے کے بعد 4 کا بٹن دبانے پر کال فوراً ورچوئل بلڈ بینک سے منسلک ہوجائے گی، ورچوئل بلڈ بینک پرڈیوٹی سیف سٹی افسر مریض کی لوکیشن ، بلڈ گروپ پر انفارمیشن حاصل کرتا ہے،مریض کے متعلقہ علاقے میں رجسٹرڈ ڈونرز کا کانفرنس کال کے ذریعے مریض کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرا دیا جاتاہے، بلڈ ڈونیشن ماڈ ل میں متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکار بھی کار خیر میں شامل ہیں۔
بلڈ ڈونر ہیلپ لائن 15، سیف سٹی آفیشل ویب سائٹ یا سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاونٹر پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں،روزانہ 250 مریضوں کی بلڈ کی اشد ضرورت کو فوری طورپر پورا کرنے کا انتظام ہوگا، ورچوئل بلڈ بینک میں رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز کی تعداد 25ہزار سے زائد ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو بلڈ ڈونیشن کے کارخیر میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاضرورت کے وقت خون کا ہر قطرہ قیمتی ، ہر قطرہ کسی ضرورت مند کےلئے زندگی کی نوید بن سکتا ہے، پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے نئے دور میں داخل ہوچکا،سروسز کے معیار کو بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔
دریں اثنا اپنے بیان میں مریم نواز نے کہاکرکٹر ثنامیر کا آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا ہر بیٹی کی جیت ہے۔

















