صحافیوں کیلئے فیز ٹو منصوبہ منظور،مریم نواز کا بجلی بلوں پرعوام کو بڑا ریلیف،پاور ٹیرف میں40فیصد تک کمی

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 26واں اجلاس ہوا ،101ایجنڈا پوائنٹس غور کیا گیا،عوام کو ریلیف کےلئے مریم نوازنے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کردیا۔

پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ گیا، وزیراعلی نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دےدی، مریم نوازکے حکم پر ٹیرف میں 30سے40فیصد تک کمی ہوسکے گی، صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی، وزیراعلیٰ نے لیہ میں ہسپتال اور روڈز کی بہتری پر وزیر صحت، وزیر مواصلات اور سیکرٹریز کو شاباش دی۔

مریم نوازنے لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کےلئے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا، اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاسنگ فانڈیشن کو 400ملین گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی، پی جے ایچ ایف، لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سکیم فیز 2کی اراضی کےلئے روڈا کو ادائیگی ہوگی، پنجاب میں گندم کے 5لاکھ 14ہزار کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5000 سبسڈی کی ادائیگی مکمل ہوچکی۔

گندم کے مزید 5لاکھ کاشتکاروں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کر دی جائےگی، کسان کارڈ کے ذریعے دوسرے مرحلے میں 63ارب مہیا کیے گئے اور کاشتکاروں نے 18ارب کی کھاد خرید لی ، کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025کی منظوری دےدی، پنجاب کی پہلی ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے سال کے اندر ائیر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دےدیا، مریم نوازنے ویپنگ سنٹر بند کرنے کےلئے اقدامات کی ہدایت کی، مزدوروں اور کارکنوں کےلئے سیفٹی گیئر یقینی بنانے کا حکم ،لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ورکرز کےلئے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ سونپ دیا،صوبائی کابینہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کےلئے راشن کارڈ، پنجاب کے نو ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی ، تمام بڑوں شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ سٹیشن قائم کرنے ، پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر لاہور ایکٹ 2025 کی منظوری دیدی، وزیراعلیٰ نے آٹزم سینٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم دیا۔

کابینہ نے لاہورمیں پاکستان کا پہلا نوازشریف میڈیکل سٹی قائم کرنے کےلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی،5000 کنال پر مشتمل میڈیل ڈسٹرکٹ میں بلڈ ڈیزیز، بون میرو اور دیگر تمام سپیشلائزڈ سنٹر بنیں گے، نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پارکس، ہوٹل، فوڈ کورٹ، پلے ایریا اور اربن فارسٹ بھی قائم ہوں گے، نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کےلئے عالمی شہرت یافتہ ادارے نے رابطہ کر لیا، وزیراعلیٰ نے تمام سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دےدیا، 40ارب روپے سے ہر سکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی، صوبائی کابینہ نے لاہور میں 1100بلاسود الیکٹرک ٹیکسی کی فراہمی کی منظوری دی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے سائیکل کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا سائیکل انسانی صحت اور تحفظ ماحولیات کےلئے بہترین سواری ہے،سائیکل کو اپنا کر صحت اورقدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے،شہروں میں ازسرنو سائیکلنگ کے کلچر کی اہمیت کا عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے،یورپ میں آج بھی سائیکل کو بطور سواری استعمال کیا جاتا تو یہاں کیوں نہیں،سائیکل نہ صرف ایندھن کی بچت کرتی ہے بلکہ آلودگی اور بیماری سے بچاتی ہے،سکول اور کالجز کے طلبہ کو سائیکلنگ کی ترغیب دی جائے،طلبہ کو سائیکل کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔

مریم نوازنے کہا صحت مند طرز زندگی کےلئے سائیکل کے استعمال کو ترجیح دی جانی چاہیے،یو این او بھی 2018 سے سائیکل کو سستی اور ماحول دوست سواری قرار دے کراہمیت کا اقرار کر چکی ہے، صحت مند اور محفوظ ماحول کےلئے سائیکلنگ کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔