کراچی میں کل سے متعدد بار زلزلے کے شدید جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

کراچی (مشرق نیوز )کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی شام سے اب تک مختلف اوقات میں متعدد مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے شہر بھر میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ رپورٹ کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ لانڈھی اور ملیر کے قریب ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے کئے گئے۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا زلزلے کے جھٹکے صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے کے قریب محسوس ہوئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لانڈھی اور ملیر میں زلزلے کے جھٹکے کی شدت 3.2 تھی، زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔اسکے بعد دن 12 بجکر 17 منٹ اور ایک بج کر 11 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

اس سے قبل رات گئے پہلا جھٹکا ایک بجکر 12 منٹ کے قریب محسوس کیا گیا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیڑھ بجے دو مزید زوردار جھٹکے آئے، اس سے قبل گزشتہ شام 5 بجے کے قریب بھی شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے خاص طور پر قائدآباد، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل ٹاو¿ن، کورنگی، مجید کالونی، شیرپاو¿ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں محسوس کئے گئے۔

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز کراچی کے گڈاپ ٹاو¿ن کے قریب تھا۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے زوردار تھے کہ شہری اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور اذانوں کے ساتھ اللہ اکبر، توبہ اور استغفار کے ورد میں مشغول ہو گئے۔

گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور علاقے میں آسمان میں چرند و پرندوں کا شور سنائی دیا۔ مختلف علاقوں میں مساجد سے اذانیں دی گئیں، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی ہے اور خوف کے مارے گھر جانے کو تیار نہیں ہیں۔

ملیراور قائد آباد کے زلزلے سے خوفزدہ مکینوں نے رات کھلے آسمان تلے گذاری، خواتین کی جانب سے قرآن پاک کی تلاوت کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ زلزلہ معمولی نوعیت کا تھا، تاہم اس کے باوجود شہریوں میں تشویش اور دہشت کا سامنا رہا۔