سانحہ9مئی میں ملوث ہزاروں افراد کے شناختی کارڈ ،پاسپورٹ بلاک

لاہور،اسلام آباد:(سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ)سانحہ9 مئی میں ملوث ہزاروں افراد کے شناختی کارڈ ،پاسپورٹ بلاک،عدالت نے سزا یافتہ ایم این اے کی فوری گرفتاری کا حکم دےدیا۔

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق سانحہ9میں ملوث 5 ہزار سے زائدافراد کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک کر دئیے گئے ،ذرائع کے مطابق بےگناہی کے ثبوت پیش کرنےوالے افراد کے نام بھی شامل ہیں،حکام نے بہت سار ے کیسوں میں پاسپورٹ بلیک لسٹ ہونے کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا ۔

دوران سماعت پتہ چلاحالات خراب ہونے پر اپنے گھر والوں اور عزیز و اقارب کو فون کالز کرنے والوں کانام بھی جیو فینسگ میں آیا،محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے عدالت میں موقف اختیار کیا پاسپورٹ بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا کام وزارت داخلہ کا ہے،وزارت داخلہ ہی نام بلیک لسٹ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرتی اور نکالتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے سزا یافتہ پی ٹی آئی ایم این اے عبد الطیف کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دےدیا،عدالت نے کہا 11 مجرموں کو سزا سنائی، 4 کمرہ عدالت سے گرفتار ہو گئے، عدم حاضری پر 7 کی سزا کے وارنٹس ایس ایچ او تھانہ رمنا کے حوالے کئے جاتے ہیں،ایس ایچ او تھانہ رمنا 7 مجرموں کو گرفتار کرکے جیل حکام کے حوالے کریں۔

علاوہ ازیں سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر بغیر عدالتی کارروائی ملتوی کر دی گئی،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو مقدمات پر سماعت ہوئی،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی،عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت ،وکلا نے کارکنوںکو بے یار و مددگار چھوڑ دیا، عدالت نے ملزموں کیلئے سرکاری وکیل مقرر کردیا۔