لاہور(اپنے نمائندے سے )اوقاف انتظامیہ مزارات پر کیش بکسوں سے سرکاری نذرانہ چوروں کے خلاف عملی کارروائی کرنے میں ناکام، کاغذی کارروائیوں تک محدود، سیکرٹری اوقاف کی طرف سے آمدنی میں اضافے کی منصوبہ بندی کا بھی فقدان ،نذرانہ چوروں کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ کرنے میں ناکام ہوچکے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں 547کے قریب مزارات 437مساجد اور 72کے قریب مدارس شامل ہیں جس کے تمام تر انتظامی امور کی انجام دہی کی ذمہ داری محکمہ اوقاف پنجاب کو دی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ کو اخراجات کرنے کی خاطر اوقاف کے موجود وسائل سے آمدنی حاصل کرکے کی جاتی ہے آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ کیش بکس ہیں جو کہ مزارات پر نصب کئے گئے ہیں اوقاف کی جانب سے ان مزارات کی نگرانی متعلقہ منیجر کو دے رکھی ہے جس کی طرف سے نگران جو کہ چھوٹے سکیل کا خادم ہوتا ہے اس کو تعینات کرکھا ہے۔ سیکرٹری اوقاف کی جانب سے کیش بکسوں سے نذرانہ کی چوری کی روک تھام اور آمدنی میں اضافہ کی منصوبہ بندی بنائی گئی ہے جو کہ ناکام ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے کیش بکسوں سے سرکاری نذرانہ چور کشادگی بکسوں کے دوران کیش چوری کرتے ہوئے اوقاف کو مالی نقصان پہنچارہے ہیں ماضی میں اور حال ہی میں اس طرح کے واقعات کے ویڈیو و دیگر ثبوت سامنے آ چکے ہیں جس پر انتظامیہ کی جانب سے عارضی بنیادوں پر زمہ دران کو معطلی یا ٹرانسفر کی سزا دی جاتی ہے جو کہ چند ہفتوں کے بعد ان سرکاری نذرانہ چوروں کو عام معافی دے دی جاتی ہے اوقاف انتظامیہ کی جانب سے کیش بکسز سے نذرانہ چوری کی روک تھام میں ناکامی کے بعد دیگر وسائل سے آمدنی میں اضافہ کی منصوبہ بندی بنائی گئی جس سے آمدن میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور رواں مالی سال کا ہدف حاصل کرنے کی امید کی جا رہی ہے جبکہ سرکاری نذرانہ چوروں کے گٹھ جوڑ کو توڑنے میں ناکام ہو گئی ہے اورکیش بکسوں سے نذرانہ چوری کی روک تھام انتظامیہ کیلئے بہت بڑا ٹاسک بن چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد مزارات پر کیش بکس کشادگی شیڈول سے ہٹ کر کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے جس پر شعبہ فنانس کی پر اسرارخاموشی دیکھنے میں آرہی ہے۔ سیکرٹری اوقاف بھی سرکاری نذرانہ چوروں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں اور ان کی منصوبہ بندی کو ناکامی کا سامنا ہے۔ ترجمان اوقاف کا کہنا ہے کہ کیش بکسوں کی چوری کو روکنے کی خاطر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ملوث افسران یا ملازمین کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا اور کافی حد تک اس پر قابو پا لیا گیا ہے ۔
اوقاف انتظامیہ مزارات کے کیش بکسوں سے نذرانہ چوری واقعات کے تدارک میں ناکام


















