حکومت، مخیر حضرات فلاحی اداروں کی بھرپور سرپرستی کریں:ایم اجمل
لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سندس فاونڈیشن کے زیر اہتمام یوم تشکر کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچے، ان کے والدین اور فاونڈیشن کا عملہ بڑی تعداد میں شریک ہوا،تقریب کے مہمان خصوصی اجمل (چیئرمین پنجاب نیشنل پیس کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان) تھے جنہوں نے بچوں کے ساتھ مل کر یومِ تشکر کا کیک کاٹا اور خوشیوں میں شریک ہو کر تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔
بانی و صدر یاسین خان، ڈائریکٹر خالد عباس ڈار اور فاونڈیشن کے دیگر عہدیداران نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا،ایم اجمل نے زیر علاج مریض بچوں کی عیادت کی، تحائف تقسیم کیے اور والدین سے فرداً فرداً ملاقات کر کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی، انہوں نے کہا وطن عزیز کی حالیہ کامیابیوں پر میں افواج پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا، پوری قوم کے جذبہ حب الوطنی اور اتحاد کو سلام پیش کرتا ہوں جو ہر چیلنج کے مقابل ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے،انہوں نے سندس فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ادارہ حقیقی معنوں میں انسانی خدمت کا روشن مینار ہے،حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات سندس فاونڈیشن جیسے اداروں کی بھرپور سرپرستی کریں۔



















