خطے میں بات چیت کے خواہاں،امن کے داعی ہیں،سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے )پنجاب اسمبلی میں یوم تشکر کی پر وقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان تھے،ممبر اسمبلی سمیع خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب نے میڈیا ہال میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاپوری قوم سیاسی یکجہتی کے تحت پاک افواج کےساتھ کھڑی ہے اور ملکی قیادت کےلئے دعاگو ہے،پاکستان کے ہر چپے کی حفاظت کےلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائےگا، امن کے داعی ہیں اور خطے میں بات چیت کے خواہاں ہیں، امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی نے مہم جوئی کی کوشش کی تو چند لمحوں میں موثر جواب دیا جائے گا، ، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنگی اقدام سمجھنا حیران کن نہیں کیونکہ پانی ہمارا بنیادی حق ہے جو جنگوں میں بھی نہیں روکا گیا۔

ملک احمد خان نے دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے،پلوامہ یا پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے اگر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے اور ثبوت نہ دئیے جائیں تو مزید خاموش نہیں رہیں گے، دہشت گردی کا بہانہ بنا کر کشمیر اور سندھ طاس جیسے معاملات پر حملے کیے گئے لیکن حقائق مسخ نہیں کیے جا سکتے، پاکستان اور دوست ممالک پاک بھارت تنازعے کو حل کرانے کےلئے سنجیدہ ہیں،سپیکر نے ترکی اور چین کےساتھ تعلقات کو ”شہد سے زیادہ میٹھے“ اور ”سمندر سے گہرے“ قرار دیا۔