قوم کوفتح مبارک ،شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا،مریم نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزرا کے ہمراہ پرچم کشائی کرکے”یوم تشکر ومعرکہ حق“ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا،وزرا، مشیروں، معاونین خصوصی اوراعلیٰ سرکاری افسر وں نے تقریب میں شرکت کی، پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے پرچم کو سلامی دی،شرکا نے قومی ترانہ پڑھا ،شہداکو خراج تحسین پیش کیا اوردعا کی گئی۔

مریم نواز نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا قوم کوفتح مبارک ہو،پاک فضائیہ کے دلیر،جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا،”آپریشن بنیان مرصوص“ نڈر لیڈرشپ،دلیر افواج اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے،امن کے داعی ہیں مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی ۔

مریم نوازنے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپریشن بنیان مرصوص قومی سلامتی کے تحفظ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت قوم کے مکمل اتحاد کا ثبوت ہے، پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ جانوں کے نذرانے دے کر وطن عزیز کو محفوظ رکھا ہے،پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی افواج ، اداروں کےساتھ کھڑی ہے، ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور ترقیاتی تسلسل میں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا وقت آ گیا ہے پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جائیں،بلٹ ٹرین اور جدید ریلوے نیٹ ورک سہولت سمیت معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔