لاہور:( اپنے رپورٹر سے)صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا،پارلیمانی سیکرٹری ضیاءاللہ شاہ اور سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موجود تھے، اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے بریفنگ دی ،ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفننگ کے دوران بتایا پنجاب ایمرجنسی سروس، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ ہے اور لوگوں کو تربیت فراہم کررہی ہے۔
صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا موجودہ ملکی حالات میں ریسکیو کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ریسکیوئرز اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اطلاع ملتے ہی امدادی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو کی فرضی مشقیں بھی کرائی جا رہی ہیں،ہماری انتہائی پروفیشنل افواج پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ،پاکستانی قوم کا مورال بلند ہے اور پاکستانی افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستانی قوم حکومت پاکستان اور پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پارلیمانی سیکرٹری ضیاءشاہ نے کہا دشمن کو جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔
ریسکیو کی خدمات کو سراہتے ہیں، سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیرنے اظہار خیال میں کہا ہنگامی حالات کے پیش نظر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو (1122) صوبہ بھر میں سول ڈیفنس کی تربیت فراہم کر رہی ہے،72 گھنٹوں میں 50 ہزار سے زائد لوگوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے تربیت کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نبرد آزما ہونا ہے۔
پنجاب ایمرجنسی سروس، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ ،فرضی مشقیں



















