ہالی ووڈ سٹار پین بیجلی کا قرآن مجید پڑھنے اور آیات پر غور کرنیکا انکشاف

کیلیفورنیا (مشرق نیوز) سیریل کلر ڈرامہ سیریز ”یو“ کے سٹار پین بیجلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ قرآن پڑھتے ہیں جو ہر وقت ان کے سرہانے موجود رہتا ہے۔ ہالی ووڈ اداکار پین بیجلی نے حال ہی میں اپنی روحانی زندگی اور اس طرز عمل پر روشنی ڈالی ہے جو انہیں زندگی کیرئیر کے دباو کے درمیان توازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

امریکی جریدے یو ایس اے ٹوڈے کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں پین بیجلی، جو نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’یو‘ میں جو گولڈبرگ کے کردار کیلئے جانے جاتے ہیں، نے بتایا کہ وہ مختلف روحانی کتابیں پڑھتے ہیں تاکہ اپنے باطنی سکون کو برقرار رکھ سکیں۔ہالی ووڈ سٹار نے انکشاف کیا کہ ان کے بیڈ سائیڈ پر قرآن مجید موجود رہتا ہے، جسے وہ وقتاً فوقتاً کھول کر اس کی آیات کو پڑھ کر ان پر غور کرتے ہیں۔

بیجلی نے بتایا کہ ان کا روحانی معمول صرف مختلف مذاہب کی کتابوں کے مطالعے تک محدود نہیں بلکہ ان کے دن کا آغاز اکثر ایک خاص دعا سے ہوتا ہے جو بہائی مذہب کی ’لانگ اوبلیگیٹری پریئر‘ (طویل فرض نماز) ہے۔ اداکار نے بتایا کہ یہ دعا انہوں نے زبانی یاد کر رکھی ہے اور روزانہ اسے پڑھنا اپنی ترجیحات میں شامل رکھتے ہیں، چاہے دن کتنا ہی مصروف کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت بچوں اور کام کی مصروفیات بہت ہوتی ہیں لیکن وہ کوشش کرتے ہیں کہ کم از کم 15 سے 20 منٹ روحانی سکون کیلئے نکال سکیں کیونکہ یہی وقت انہیں زندگی کی گہرائی اور مقصد کا احساس دلاتا ہے۔