بھارت میں پٹاخہ بھی چل جائے تو پاکستان کےخلاف مہم شروع کر دیتا ہے: احسن اقبال

نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ڈیڑھ اینٹ کی ایک علیحدہ مسجد بنا رہی ہے، پاکستان کی سلامتی حوالے سے پوری قوم کو ایک ہونا چاہیے۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا مفاد ہمارے ذاتی مفاد سے بڑی حقیقت ہے، ذاتی مفادات کو کبھی بھی پاکستان پر ترجیح نہیں دے سکتے۔انہوںنے کہا کہ بھارت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان پر الزام لگا کر اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔کیا پاکستان دہشت گردی کا شکار ملک نہیں ہے؟ جتنا ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا کسی ملک نے نہیں کیا، بھارت میں ایک پٹاخہ بھی چل جائے تو بھارت پاکستان کے گرد پروپیگنڈہ کی مہم شروع کر دیتا ہے۔جہاں بھی دنیا میں دہشت گردی ہو گی ہمیں بھی دکھ ہو گا، بھارت ایک غیر محفوظ ملک ہے، بھارت بات بات پر الزام پاکستان پر لگاتا ہے، پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوئی ہم نے غیر ذمہ دارانہ رویہ نہیں اپنایا۔انہوںنے کہا کہ بھارت میں الیکشن ہوتا ہے تو ان کے سیاستدان پاکستان پر الزام لگا نا شروع کر دیتے ہیں، پاکستانی قوم ایک متحد قوم ہے ہم دوسرے پر الزامات لگا کر سیاست نہیں کرتے۔ا نہوںنے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اقدام غیر ذمہ دار ہے،بھارت نے پانی کو ہتھیار بنا لیا ہے، ہماری مسلح افواج چوکس ہےں،قوم متحد ہے، بھارت نے ایسا قدم اٹھایا تو اسے جواب ملے گا۔