لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر ملک احمد خان سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد کی پنجاب اسمبلی چمبر میں ملاقات ہوئی جس میں پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دیرینہ خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کاعالمی سطح پر کردار قابل تحسین ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مستحکم اور جمہوری اقدار کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، جمہوریت کا تسلسل قومی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے یورپین وفد کو پنجاب اسمبلی کے کمیٹی سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ سسٹم مختلف موضوعات پر گہری تحقیق اور مباحثے کو فروغ دیتا ہے تاکہ بہترین قوانین بنائے جا سکیں۔ یورپی وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کا اعتراف کیااور پاکستان کے ساتھ تجارتی تعاون کو امن و ترقی کی بنیاد قرار دیا۔یورپین وفد کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ایک ثابت قدم قوم ہے۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں تحمل اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یورپی یونین جمہوریت کے فروغ اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ وفد میں شربان دیمترے سٹردزا، روتھ فرمی نِخ، مائیکل میک نامارا، کرسٹینا اسٹانکولیسکو، سونگل دوگان اور لیویوایڈریان نیتی شامل ہیں۔اسمبلی سیکرٹریٹ سے چیئرمین پی اے سی II سید علی حیدر گیلانی، ممبران اسمبلی نورالامین وٹو، پیر اشرف رسول اور غزالی سلیم بٹ بھی موجود تھے۔
یورپی یونین کے ساتھ دیرینہ خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: ملک احمد خان


















