لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کی انتظامیہ نے پارٹنر سکولوں کیلئے نئی سخت شرائط متعارف کروا دی ہیں جس کے نتیجے میں 1600سے زائد پارٹنر سکولوں کے لائسنس منسوخ کر دئیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق منسوخ کیے گئے لائسنسوں میں بڑی تعداد ان سکولوں کی ہے جو این جی اوز اور انفرادی شخصیات کو دئیے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیما نے ان سکولوں کو دوبارہ ٹھیکے پر دینے کیلئے 10 مئی تک درخواستیں طلب کرلی ہیں،اس عمل میں حصہ لینے کیلئے سکول مالکان کو 10ہزار روپے فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔پیما سکولز لائسنسی پنجاب کے صوبائی کنوینر صداقت حسین خان لودھی کافیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 3سالہ کنٹریکٹ کے دوران سکولوں کو فعال بنانے کیلئے لاکھوں روپے خرچ کئے گئے، کنٹریکٹ کے اختتام پر اچانک شرائط سخت کرکے لائسنس منسوخ کرنا پارٹنر سکولوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔اگر میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے سیاسی بنیادوں پر سکولز دئیے گئے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔صداقت لودھی نے پیما حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاملے پر نظرثانی کی جائے، منسوخ شدہ لائسنس دوبارہ بحال کیے جائیں اور پارٹنر سکولوں کو ایک موقع ضرور دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پیما سکولز لائسنسی احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
پیف پارٹنر سکولوں کیلئے سخت شرائط ، 1600سے زائد اداروں کے لائسنس منسوخ



















