لاہور (انوسٹی گیشن سیل/ میاں ذیشان سے) عدالت عالیہ کا حکم نظرانداز، بورڈ آف ریونیو کی ہدایات سرخ فیتے کی نذر کردی گئیں، تحصیل ماڈل ٹاﺅن کے پٹوار سرکل اچھرہ کا سرکاری ریکارڈ پرائیویٹ افراد کے حوالے کردیا گیا، شہریوں کی قیمتی املاک خطرے میں پڑ گئیں جبکہ ریکارڈ میں ردوبدل اور کرپشن کے خدشات بڑھ گئے، ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا بااثر پٹواری کے خلاف کارروائی کرنے میںگریزاں نظر آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بینچ نے 2021 میں اپنے فیصلے میں احکامات جاری کئے تھے کہ پٹواریوں کی جانب سے آئندہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کیلئے پرائیویٹ افراد یا منشیوں کی خدمات حاصل کرنے پر نہ صرف انکے خلاف اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائیگی بلکہ اگر مستقبل میں ایسے کسی واقعہ کا انکشاف ہوتا ہے تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر یا کمشنر کو بھی بطور سہولت کار کارروائی کا سامنا کرنا پڑےگا۔ تحصیل ماڈل ٹاﺅن کے پٹوار سرکل اچھرہ کے پٹواری عبید اللہ گورائیہ نے عدالت عالیہ کا حکم اور بورڈ آف ریونیو کی ہدایات سرخ فیتے کی نذر کر دی ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کو پرائیویٹ افراد کے حوالے کرتے ہوئے پٹوار سرکل اچھرہ کو ٹھیکہ پر دیدیا گیا جس سے نہ صرف شہریوں کی قیمتی املاک خطرے میں پڑ گئی ہیں بلکہ ریکارڈ میں رد و بدل اور رشوت وصولی میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو اس بابت مراسلہ جاری کر رکھا ہے۔ مراسلے کے مطابق معزز عدالت کے فیصلے کو بورڈ آف ریونیو نے غور سے جانچا اور انتظامیہ نے اصول قدرتی انصاف کے تحت فیصلے کے صرف ایک مخصوص حصے (پیراگراف IV کے آخری حصے) کے خلاف اپیل دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے تاکہ ایسے افسران کے خلاف کارروائی سے قبل انہیں سننے کا موقع دیا جا سکے۔ بورڈ نے ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کیلئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دفتر سے قانونی مشاورت حاصل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ یہ پیش رفت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت پنجاب پٹوار خانے کے نظام میں شفافیت لانے، غیر قانونی بھرتیوں کے خاتمے اور سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر مجاز افراد کی مداخلت کو روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال رکھا جا سکے۔ تاہم پٹوار سرکل اچھرہ کے پٹواری عبید اللہ نے بورڈ آف ریونیو کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کی بجائے پرائیویٹ افراد سرکاری ریکارڈ پر بیٹھا رکھا ہے جو فرد اور انتقالات کی مد میںسرکاری اجرت وصول کرنے کی بجائے منہ مانگی رشوت کا تقاضا کر رہے ہیں جو کہ محکمہ محال کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا بھر پٹواری حلقہ کے کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں۔
لاہور (انوسٹی گیشن سیل) اس حوالے سے ترجمان ڈپٹی کمشنر سے رابطہ ممکن نہیںہو پایا ۔ ترجمان ڈپٹی کمشنر اگر وضاحت دینا چاہیں تو ادارہ ہذا ان کا موقف من و عن شائع کرنے کا مجاز ہو گا۔
تحصیل ماڈل ٹاﺅن پٹوار سرکل اچھرہ میں سرکاری ریکارڈ پرائیویٹ افراد کے سپرد


















