پشاور (مشرق نیوز) صوبہ خیبر پختونخواہ میں 21 اپریل سے پانچ روزہ پولیو کے خاتمے کی مہم شروع کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کا مقصد خطے میں 60 لاکھ سے زیادہ بچوں کو قطرے پلانا ہے۔
پاکستان جس میں 2025 میں اب تک پولیو کے چھ کیس رپورٹ ہوئے ہیں، میں 2025 کی پہلی ششماہی میں تین بڑی پولیو مہمات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن کے راونڈز رواں ماہ اور مئی میں طے کئے جائیں گے۔
صوبائی محکمہ صحت کا بھی کہنا تھا کہ کے پی میں 21 اپریل سے پولیو کے خاتمے کی پانچ روزہ مہم شروع کی جائیگی جس میں دارالحکومت پشاور میں 800,000 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم میں حصہ لینے کیلئے 30,000 سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 50,000 پولیس اہلکار بھی حفاظتی مقاصد کیلئے تعینات کئے جائیں گے۔
پولیو ایک مفلوج کرنے والی بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے اور اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت فراہم کرنے کیلئے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے ویکسین کے معمول کے شیڈول کو مکمل کرنے کیساتھ ساتھ پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں ضروری ہوتی ہیں۔
خیبر پختونخواہ میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کی تاریخ کا اعلان



















