یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ہے :شافع

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف ڈیزائن اینڈ ٹیکسٹائلز نے 9ویں دو روزہ بین الاقوامی ٹیکسٹائل کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور فیتہ کاٹ کر کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔کانفرنس میں ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر عابد شیروانی، ڈین ڈاکٹر ممتاز ملک، ڈاکٹر مدثر عباس، اسد شفیع، ڈاکٹر تنویر حسین،نعیم بٹ سمیت طلباءکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں 300 سے زائد قومی و بین الاقوامی سکالرز اور محققین نے شرکت کی اور 40 تحقیقی پیپرز پیش کئے گئے۔ اس کے علاوہ، ٹیکسٹائل اور فیشن کی صنعت کے ماہرین نے ورچوئل پروڈکٹ ڈویلپمنٹ اور فائبر ری سائیکلنگ پر خصوصی سیشنز منعقد کئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ یو ایم ٹی معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستان کی معیشت کیلئے ایک انتہائی اہم شعبہ ہے جو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ حکومت نے اس شعبے کی ترقی کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی کی تعمیر کی جا رہی ہے جہاں صنعتی یونٹس کیلئے حکومت عمارتیں بنا کر کرائے پر فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ، گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری اور ٹیکنالوجی کو منتقل کیا جائے گا، جس سے مقامی صنعت کو جدیدیت ملے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت سیڈ ڈویلپمنٹ پر بھی کام کر رہی ہے جس سے کپاس کی پیداوار میں اضافے سے کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہوگا۔ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت شامل ہے۔ ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کانفرنس ے خطاب کرتے ہوئے تما مہمانوں کو خوش آمدید کہا اس بات پار زور دیا کہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تحقیق اور صنعت کے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایم ٹی مستقبل کے بہترین لیڈرز اور انٹرپرینیورز پیدا کر رہی ہے جو ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تمام وسائل کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ یو ایم ٹی اپنے سکول آف ڈیزائن اینڈ ٹیکسٹائل کے ذریعے صنعت میں جدت کو فروغ دے رہی ہے اور اس کانفرنس کے ذریعے صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اہم اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ انوویشن پروفیسر عابد شیروانی کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ سب سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے والا اور سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شعبہ ہے۔ ہمیں پاکستان کی ٹیکسٹائل پالیسی کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ کانفرنس کے اختتام پر، پروفیسر عابد شیروانی اور ڈاکٹر آصف رضا نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کو یادگاری سوینئر پیش کیا۔