عمران کو 6 کمروں پر مشتمل گھر دستیاب، من پسند سہولیات مل رہی ہیں: رانا تنویر

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں 6 کمروں پر مشتمل گھر ملا ہوا ہے، من پسند سہولیات مل رہی ہیں، پی ٹی آئی والے بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں، ملک و قوم کی خاطر پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں ،جعفر ایکسپریس سمیت دیگر دہشت گردی کے واقعات پر افغانستان سے بات چیت جاری ہے ، افغانستان کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی نہ کرے ، بات چیت سے مسئلہ حل نہ ہوا تو سختی سے کام لیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میںمریضوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مریضوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔