اتحاد کی قوت سے ہی انسانیت دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے: شافع حسین

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران امن وامان کی صورتحال، محکمہ اوقاف کے امور ، تحمل ،رواداری اور بھائی چارے کے جذبات کے فروغ میں علماءکے کردار پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ملک کو امن عامہ اور دہشت گردی کی صورتحال کا سامنا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج ،سیکورٹی اداروں اور معاشرے کے ہر طبقے نے قربانی دی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ اسلام امن وسلامتی کا مذہب ہے ،دین اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔اتحاد کی قوت سے ہی انسانیت کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔وزیر اوقاف پنجاب نے کہاکہ امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔اخوت اور رواداری کے جذبات کے فروغ میں علماءکرام کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔بدامنی کی آگ کو بجھانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپناحصہ ڈالنا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صوبے بھر میں مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔علماء،مشائخ اور دینی سکالرز کی مشاورت اور راہنمائی سے محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے معاملات کو بہتر کیا جائے گا۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور کا قلمدان بھاری ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن نبھانے کی کوشش کروں گا۔ خطیب بادشاہی مسجد عبدالخبیر آزادنے کہاکہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی ملک کی تعمیر وترقی کے لئے خدمات لائق تحسین ہیں ، چوہدری شجاعت حسین سے دیرینہ تعلقات ہیں اور انہوں نے ہمیشہ رواداری کو فروغ دیا ہے ۔عبدالخبیر آزادنے کہاکہ چوہدری شافع حسین کی قیادت میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے امور میں بہتری لائی جائے گی۔