سڑکوں کی کارپیٹنگ کام کے معیار کو ہرصورت یقینی بنایا جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) پسپ حکام نے زیر تعمیر کالج روڈ، فرید ٹاون روڈ کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دے دی، یونیورسٹی چوک، کالج چوک اور مال منڈی چوک سمیت دونوں سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام15اپریل سے شروع کردیا جائیگا جسے مہینے کے آخر تک مکمل کیاجائے گا۔ یہ یقین دہانی کمشنرساہیوال شعیب اقبال سید کی سربراہی میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کرائی گئی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ کارپیٹنگ کے دوران کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اورالائیڈ کام خصوصاً سڑیٹ لائٹس اور کرب سٹونز کی تنصیب بھی ساتھ ہی مکمل کی جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے عید سے پہلے گرلز کالج روڈ کا پیچ ورک مکمل کرنے اور ہائی سٹریٹ سے ملبہ اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے اجلاس کو بتایا کہ کارپوریشن کے397میں سے 277 ملازمین ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کئے جارہے ہیں جبکہ 120 ملازمین کارپوریشن میں ہی رہیں گے۔ کمشنر نے پاکپتن بازار اور صدر بازار سے الیکٹرک پولز کی شفٹنگ کا کام شروع نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے جلد شروع کرانے کی سختی سے ہدایت کی۔