ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا نو،ایل/ 90 اور منظور کالونی کا دورہ، منظور کالونی میں سیوریج لائن ڈالنے کا کام شروع نہ کرنے پر اظہار ناراضگی، متعلقہ حکام کو فوری کام شروع کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے 90/9Lاور منظور کالونی کا دورہ کیا اور وہاں سیوریج لائن بچھانے کا کام شروع نہ ہونے پرا ظہار ناراضگی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جی ٹی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے کام کی سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور پسپ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہر کی مصروف ترین روڈ پر کام کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کام کے دوران حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور جاری کام کو مقررہ ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ بعدازاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے عارفوالا میں اڈوں اور دوکانوں کی نیلامی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوکانوں کے کرایہ کے بقایا جات کی وصولی تیز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ دوکانوں کے کرایہ جات کی وصولی کی نگرانی کریں اور بقایا ادا نہ کرنے والے دوکانداروں کو نوٹس جاری کئے جائیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہر میں جاری ترقیاتی مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں: کمشنر ساہیوال

















