گندم کے کاشتکاروں کا نقصان نہیں ہونے دیا جائیگا : عاشق حسین کرمانی

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اگیتی کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کیلئے 25 ہزار روپے کی مالی اعانت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان محکمہ زراعت پنجاب اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے باہمی اشتراک سے کپاس کی اگیتی کاشت بارے میگا سیمینار میں کیا جس میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد جاوید، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ڈائریکٹر جنرل زراعت چوہدری عبدالحمید، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائیریکٹر زراعت شہباز اختر اور ڈپٹی ڈائیریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں کپاس کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں اور اس ضمن میں اگیتی کپاس کی ترویج کیلئے خصوصی پیکیج متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے مالی سال 25-2024 کے دوران 72 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ میں کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بلا سود زرعی قرضہ سکیم کے تحت اب تک 50 ارب روپے کی خریداری ہو چکی ہے۔ صوبے میں زراعت کے فروغ کیلئے گرین ٹریکٹر پروگرام ، انٹرن شپ پروگرام ، ایگری مالز کے قیام سمیت متعدد ایسے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جس سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئیگی۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 31 مارچ تک کپاس کی اگیتی کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے 25 ہزار روپے مالی اعانت کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امسال صوبہ میں اگیتی کپاس کی کاشت کا ہدف 10 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔اس سال سرکاری رقبوں اور لیز پر الاٹ شدہ زمینوں پر اگیتی کپاس کاشت کرائی جائیگی۔ وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کی کلائمیٹ سمارٹ اقسام کی دریافت کیلئے زرعی سائنسدانوں کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ کپاس کے کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی سستے داموں دستیابی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اگیتی کپاس کے ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگیتی کپاس کی آگاہی مہم میں نجی شعبہ کا تعاون قابل ستائش ہے۔ وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وعدہ کیا ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کا نقصان نہیں ہونے دیا جائیگا اور انشاءاللہ یہ وعدہ وفا ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس ہماری معیشت کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ کپاس ایسی فصل ہے جس کی کاشت کسان قومی جذبے کے تحت کرتا ہے۔امسال محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبہ میں گندم کی کاشت ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت ہوئی۔ اب کپاس کی کاشت کیلئے بھی محکمہ زراعت پنجاب کی تمام متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جسے مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن ذرائع و وسائل اختیار کئے جا رہے ہیں۔