ساہیوال (بےورو رپورٹ) حکومت پنجاب کا کپاس کی اگیتی کاشت پر فوکس ہے اور ساہیوال ڈویژن میں کپاس کی اگیتی کاشت کا ایک لاکھ20ہزار ایکڑ پر کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع ساہیوال میں 76ہزار ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں 18ہزار ایکڑ جبکہ ضلع پاکپتن میں 26ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائے گی۔ کپاس کی اگیتی کاشت شروع ہو چکی ہے اور محکمہ زراعت کی جانب سے اس سلسلہ میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے کمشنر آفس میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقدہ ڈویژنل کاٹن کراپ مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر صفدر حسین، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب سمیت محکمہ نہر، زراعت، کراپ رپورٹنگ، سیڈ کارپوریشن، کپاس کے کاشتکاروں، کھاد ڈیلرز کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ اوکاڑہ اور پاکپتن کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ مقررہ ہدف کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ ہمیں سب کو مل کر کسانوں کی رہنمائی کرنا ہے اور انکو درپیش مسائل حل کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت سرکاری اراضی پر زیادہ سے زیادہ کپاس کاشت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ایکدوسرے سے رابطہ میں رہیں اور ہدف کے حصول میں حائل تمام رکاوٹو ں کو فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت زیادہ سے زیادہ آگاہی مہم چلائے فیلڈ سٹاف کسانوں کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت تیار رہے۔ اجلاس کے دوران کپاس کے کاشتکاروں کی جانب سے حکومت سے کپاس کا ریٹ جلد ازجلد مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کے مختلف پرائیویٹ سکولوں کا دورہ، طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا، مختلف سکولوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار ناراضگی، صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے پرائیوٹ سکولز کا دورہ کیا۔ انہوں نے سٹی ہائی سکول، ایجوکیٹرز اور فوجی فا¶نڈیشن سکول کا دورہ کیا۔ساہیوال بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے سکولوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی کے ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سکول انتظامیہ کو ایک ہفتے میں صفائی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں کلاس رومز کی صفائی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کمرے ہوادار ہونے چاہیں۔ انہوں نے لائبریریز کو بھی چیک کیا اور کہا کہ لائبریری میں ایشو بک رکھی جائے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا آوارہ کتوں کی بہتات پر اظہار تشویش، ڈویژن بھر کے میونسپل افسران کو تلفی کی خصوصی مہم چلانے کی ہدایت، پالتو کتوں کی ویکسی نیشن بھی کرائی جائے، شعیب اقبال سید نے افسران کو ہدایات جاری کردیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ بلدیاتی ادارے پالتو کتوں کی رجسٹریشن بھی شروع کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین بھی موجود ہونی چاہئے۔
کپاس کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے: کمشنر ساہیوال


















