ملکی و غیرملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرینگے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا میلہ سجنے کو تیار ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔پرامن اور محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی کے میچز کیلئے 12 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔میچز کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے۔سیف سٹیز اتھارٹی کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ٹریفک کے بلاتعطل بہاو¿ کیلئے مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں۔ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس ٹیمیں میچز کے دوران موثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں گی۔سٹیڈیمز سمیت اردگرد کی بلند عمارات پر پولیس سنائیپرز تعینات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سٹیڈیمز کے داخلی و خارجی راستوں، انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے،شہریوں کی آگاہی اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ اضلاع قبل از میچز ٹریفک ایڈوائزری جاری کریں۔شائقین کرکٹ محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں تین میچز 22، 26 فروری اور 05 مارچ کو کھیلے جائیں گے اور راولپنڈی میں تین میچز 24، 25، 27 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ نے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اورفوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق، انسپکٹر عبد الشکور کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی۔مرحوم لیڈی کانسٹیبل ثمینہ لطیف کے شوہرکی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف کی ہدایت کی۔سینئر ٹریفک وارڈن نذیر احمد شاہ کی درخواست پر ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کو ریلیف کی ہدایت کی،لیڈی کانسٹیبل گلشن ذوالفقار کی درخواست پر ڈی پی او اوکاڑہ کو ریلیف کا حکم دیا،ریٹائرڈ کانسٹیبل ریاض اور کانسٹیبل مقصود احمد کی مالی امداد کی درخواستوں پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔