ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ 77سالوں سے پاکستانیوں نے جس جذبہ ایمانی سے اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کا ساتھ دیا ہے وہ تمام مہذب دنیا میں ایک مثال ہے اور ہم یہ ساتھ ان کے مقصد کے حصول تک دیتے رہیں گے۔ دنیا کشمیریوں سے کیا گیا حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرنے کی پابند ہے تاکہ مظلوم کشمیری بھارتی ظلم و ستم سے آزاد ہوکر آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں۔ انہوں نے یہ بات یوم کشمیر کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ”یوم کشمیر اور ہمارا اجتماعی شعور“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق اور سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی سمیت مقامی کالجز کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی آزادی کی نعمت کی قدر کریں جو اپنے ملک کی خدمت اور اسے ترقی دلانے میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھارتی مسلمان“ہندتوا”کے ظلم و ستم کا جس طرح شکار ہورہے ہیں وہ پاکستان کے قیام بارے منفی پرو پیگنڈا کرنے والوں کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور اسے مستحکم بنانے میں اپنی بھرپور صلاحیتیں صرف کریں تاکہ آزادی کی اس لازوال نعمت کی قدر کی جاسکے۔ سیمینار کے اختتام پر انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم کی عکاسی کے لئے لگائی گئی تصویری نمائش بھی دیکھی۔ تقریب کے اختتام پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کے لئے واک بھی کی گئی جس کے شرکاءنے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
دنیا کشمیریوں سے کیا گیا حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرنے کی پابند ہے :کمشنر ساہیوال


















