ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس، جسٹس منصورکا انٹرا کورٹ اپیل کے بنچ پر اعتراض

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس منصورعلی شاہ نے سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار کےخلاف توہین عدالت کیس میں انٹرا کورٹ اپیل کے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا،ججز کمیٹی کو خط لکھ کرجسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس علی مظہر کی بنچ میں شمولیت پر اعتراض کیا گیا۔

خط میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا 23 نومبر کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس بلایا ، اجلاس میں تجویز دی سنیارٹی کے اعتبار سے 5 رکنی بنچ انٹرا کورٹ اپیل پر بنایا جائے ان ججز کو شامل نہ کیا جائے جو کمیٹی کے رکن بھی ہیں، چیف جسٹس نے کہا 4 رکنی بنچ بنانا پسند کریں گے، رات 9 بج کر 33 منٹ پر سیکرٹری کا واٹس ایپ میسج آیا، سیکرٹری نے 6 رکنی بنچ کی منظوری کا پوچھا، میں نے سیکرٹری کو بتایا مجھے اعتراض ہے، صبح جواب دوں گا۔

سینئر جج سپریم کورٹ نے کہارات 10 بج کر 28 منٹ پر سیکرٹری نے بتایا 6 رکنی بنچ بن گیا ،روسٹر بھی جاری کر دیا ، میرا بنچ پر 2 ممبران کی حد تک اعتراض ہے،بنچز اختیارات کا کیس واپس لینے کا فیصلہ دونوں کمیٹیوں نے کیا، کمیٹیوں میں شامل ججز کے فیصلے پر ہی سوالات ہیں، کمیٹی میں شامل اراکین اپنے کئے پر خود جج نہیں بن سکتے، میرے اعتراضات کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔