چلی میں برطانوی دعا لیپا کے پرستار انکے بیڈ روم تک پہنچ گئے، گلوکارہ پریشان

سانتیاگو (مشرق نیوز) البانوی نژاد برطانوی گلوکارہ و گیت نگار دعا لیپا اس وقت حیران و پریشان ہوگئیں جب چلی میں ان کے ہوٹل میں پرستار داخل ہوگئے اور اطلاعات کے مطابق ان کے بیڈ روم تک پہنچ گئے تاکہ گلوکارہ کے باہر آنے پر ان کے ساتھ تصاویر بنائی جاسکے۔ واضح رہے کہ 30 سالہ گلوکارہ ان دنوں جنوبی امریکہ کے ملک چلی میں ہیں جہاں وہ ایک کمرشل کی شوٹ کےلئے موجود ہیں۔ایک برطانوی اخبار کے مطابق لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے انکے لگژری ہوٹل کے کمرے کے باہر جمع ہوگئے، جنھیں وہاں دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔گو کہ اس دوران انہیں کوئی نقصان تو نہیں پہنچا لیکن سکیورٹی کی اس خلاف ورزی سے وہ خوفزدہ ہوگئیں۔ جب حکام نے سکیورٹی میں اضافہ کیا تو پتہ چلا کہ مزید پرستار لفٹ کے قریب بھی ان کے منتظر تھے جس پر دعا نے کہا کہ وہ ہوٹل کے اندر تصاویر نہیں بنوائیں گی۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ دعا کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، ایک برس قبل بھی جب وہ گلاسٹونبری کیلئے برمنگھم میں ریہرسیل کر رہی تھیں تب بھی ایک پرستار وہاں زبردستی پہنچ گیا تھا۔