پنجاب کے 12 اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کرنے کی منظوری

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 20 واں اجلاس ہوا، سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، کابینہ کمیٹی نے پنجاب کے 12 اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دےدی، کابینہ کمیٹی نے 13 جنوری سے پاکستان ویسٹ انڈیز کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

کابینہ کمیٹی نے میانوالی میں رینجرز کی 2کمپنیوں کی تعیناتی کی توسیع کر دی، کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ڈی جی خان کے بارڈر سے ملحقہ چیک پوسٹوں پر رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دےدی، کابینہ کمیٹی نے 11 قیدیوں کی پے رول پر رہائی کی بھی منظوری دےدی،چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا پنجاب میں امن و امان کو یقینی بنانے پر پنجاب پولیس و دیگر اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ترجیح ہے۔