عمران کے بہکاوے میں آنےوالے جیلوں میں سڑرہے ہیں،مریم نواز

لاہور،سرگودھا ( اپنے رپورٹر سے،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجھے اپنے بچوں پر بے حد فخر ہے، دوسرے اور تیسرے سال کے طلبہ کو بھی سکالر شپ دینے کے اقدامات کی ہدایت کی ہے، ہونہارسکالر شپ پاکستان کی تاریخ کا پہلا سب سے بڑا سکالر شپ پروگرام ہے،سرگودھا یونیورسٹی کے ہونہار بیٹے اور بیٹیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوں،گارڈ آف آنر طلبہ کی قابلیت اور محنت کا اعتراف ہے،بچوں کو گارڈ آف آنر ملنے پر بے حد جذباتی ہوجاتی ہوں

مریم نواز نے کہاوسائل کی کمی کے باوجود محنت جاری رکھنے والے طلبہ کوسلام پیش کرتی ہوں، سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ، والدین اور اساتذہ کومبارکباد دیتی ہوں،پنجاب بھر میں بلاتفریق سب بچوں کو سکالر شپ مل رہے ہیں،ہونہار سکالر شپ کو30 ہزار سے 50ہزارتک بڑھائیں، عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے عوام پر ہی لگنا چاہیے،کسی کے اقتدار کے لالچ کا ایندھن نہیں بننا، حسان نیازی کو10سال قید ہوئی، اس کے والدین سے پوچھیں کیا بیت رہی ہے، حسان نیازی جب10سال بعد رہا ہوگا تو دنیا بدل چکی ہوگی، حسان نیازی بانی پی ٹی آئی کا بھانجا اور وکیل بھی ہے، تہذیب کے دائرے میں بھی سیاسی مخالفت ہوسکتی ہے، کون آپ کیلئے کام اورکون بربادی کا سامان کررہا ہے فیصلہ آپ نے کر نا ہے، کونسی سیاست بچوں کو کہتی ہے کسی سے اس کاماں باپ چھین لو، کسی پربہتان لگانا بہت بڑا گناہ ہے، آپ مکافات عمل ہی بھگت رہے ہیں، سیاسی اختلاف کیلئے جناح ہاوس جلانے کی ضرورت نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا سیاسی اختلاف کیلئے گرین بیلٹس کوآگ لگانے کی ضرورت نہیں، سیاسی اختلاف کیلئے میٹروبس کے جنگلے توڑنے کی ضرورت نہیں، بچہ جیل میں ہوتوماں باپ کو کیسے نیند آتی ہوگی، سنی سنائی باتوں پرآنکھیں بندکرکے یقین نہ کریں، دوسروں کے بچوں کواستعمال کرنےوالے کو پہچانو، جنہوں نے بہکاوے میں آکر ملک میں آگ لگائی وہ آج جیلوں میں ہیں، عمارتیں جلانے، میٹروبس توڑنے،گھیراو کرنے والا آپ کا ہمدرد نہیں، کچھ بھی ہوجائے ملک کے خلاف نہ جائیں، چاہتی ہوں نوجوان اپنی ذمہ داری کو پہچانیں، کچھ بھی ہوجائے ملک کی خلاف نہ جائیں، ہم اپنے ملک کو ترقی میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے، ملک ہماراہے،اس سے وفاکریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈور پھرنے سے ہیلتھ ورکر زخمی ہونے کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ، مریم نواز نے زخمی ورکر صابر مسیح کے بہترین علاج کی ہدایت کردی۔