عمران کو بنی گالہ منتقلی کی پیشکش گنڈاپور لائے،علیمہ خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے پہلے دن سے ڈیل کی آفرز آرہی ہیں لیکن براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا، بھائی ڈیڑھ سال سے جیل میں ہے، بیک ڈور ڈیل کرنا ہوتی تو کرچکے ہوتے۔

اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہابنی گالہ ہاوس اریسٹ کی پیشکش علی امین گنڈاپور لے کر آئے، ڈیڑھ سال جیل میں رکھ کر اب کیا ہاوس اریسٹ رکھیں گے؟ بانی پی ٹی آئی کو کہا گیا چپ رہو، منہ نہ کھولو،عمران خان 2 سال سے کہہ رہے ہیں 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، جوڈیشل کمیشن کسی سینئر جج کے نیچے بنائیں جو سب کو قابل قبول ہو،بول بول کر تھک گئے جوڈیشل کمیشن بنائیں، قیدیوں کو رہا کریں، کیا بانی پی ٹی آئی کے مطالبات قابل قبول نہیں؟، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے اندر جوڈیشل کمیشن ہی بنتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کی بہن نے کہامیرا خیال ہے مذاکرات کرنے والے سنجیدہ نہیں،جیل کے اندر ملاقاتیں کرانے کیلئے صبح 7 بجے دروازے کھلتے ہیں اب کیوں مذاکراتی کمیٹی کو ملنے نہیں دے رہے؟ فیصلہ تو بانی پی ٹی آئی نے کرنا ہے، کمیٹی ملے گی تو کوئی بات ہوگی،عدلیہ پر اعتماد کرنا ہے، اعتماد نہیں کریں گے تو کیا کریں گے؟ ۔