علماءکی ذمہ داری ہے دین اسلام کی حفاظت کا پرچم بلند کریں: علامہ زبیر احمد ظہیر

لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مولانا احسان اللہ فاروقی نے ہر جگہ اور ہر حالت میں حق و صداقت کا پرچم بلند رکھا۔ وہ حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کلمہ حق بلند کرنے والے ایک دلیر اور بےباک رہنماءتھے۔انہوں نے بارہا قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور پھر راہِ حق میں شہید ہو کر ثابت کر دیا کہ ایک مسلمان اور موحد کی گردن کٹ تو سکتی ہے مگر باطل کے سامنے جھک نہیں سکتی۔ وہ گزشتہ روز جامعہ فاروقیہ مدینہ کالونی میں احسان اللہ شہید کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے مرکزی علماءکونسل پاکستان کے مرکزی صدر علامہ زاہد محمود قاسمی، مولانا ضیا الرحمن فاروقی ، مولانا عبد الرب امجد ،مولانا منسوب احمد رحیمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ علماءکی ذمہ داری ہے کہ وہ اکابر سلف صالحین، آئمہ کرام ،حق پرست علمائے کرام اور اولیائے عظام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین اسلام کی حفاظت اور پہریداری کا فریضہ سر انجام دیں۔ دین اسلام کو بگاڑنے کیلئے ہر دور میں حکمرانوں نے ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے ہیں لیکن علمائے حق نے اسلام کی عظمت اور دین کی حرمت پر کبھی آنچ نہیں آنے دی۔ حکمران ہمیشہ اپنی دنیا اور اقتدار بچانے کیلئے زیادتیاں کرتے رہے اور علمائے حق نے ہر دور میں عظیم قربانیاں دے کر دین اسلام کو محفوظ اور سربلند رکھا۔ آج تمام مکاتب فکر کے علماءکی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔ آج ہی فیصلہ کر لیں کہ ہم نے کل قیامت کے دن ابن الوقت، مفاد پرست ، ضمیر فروش، ملت فروش ، سرکاری درباری، حکمرانوں کے جھوٹ کو سچ بنانے والے خوشامدیوں اور کاسہ لیسوں کے ساتھ اٹھنا ہے یا ہم اپنا حشر شہدائے کربلا، امامِ ابو حنیفہ ، امامِ مالک، شافعی، ابنِ حمبل،شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانی جیسے علمائے حق کے ساتھ چاہتے ہیں۔ آج پاکستان میں قرآن و سنت کو ٹھکرایا جا رہا ہے اور فسق و فجور کو پھیلایا جا رہا ہے۔ اگر ہم نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو پھر سوچ لیں کل قیامت کے دن عرش والے خدا اور مدینے والے مصطفی کو کیا جواب دیں گے۔