اللہ والے ٹرسٹ پاکستان میں دکھی انسانیت کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے:سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں اللہ والے ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ کارکردگی کی منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے سپیشل سیکرٹری طارق محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، چیئرمین ٹرسٹ چوہدری شاہد، سرفراز کاظمی کے علاوہ خواتین و حضرات کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میںکہاکہ اللہ والے ٹرسٹ پاکستان میں دکھی انسانیت کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات اللہ والے ٹرسٹ کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا۔ اس موقع پر اللہ والے ٹرسٹ کے چیئرمین شاہد لون نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبہ میں بہتری کو اپنی اولین ترجیح بنا رکھا ہے۔ وزیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں 82 ارب روپے کی خطیر رقم سے سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ سرگودھا میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے والے تمام بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کو پرموٹ کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہم بھی اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔اللہ والے ٹرسٹ کے نیوٹریشن پروگرام کی کامیابی کیلئے ان کے ساتھ ہیں۔سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود نے کہاکہ خدمت خلق ہمارے نبی کریم کی سنت مبارکہ ہے۔