قائد اعظم نے مسلمانوں کو آزادی دیکر عظیم انسان ہونے کا حق ادا کر دیا :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ اپنی ولولہ انگیز قیادت کے نتیجے میں مسلمانوں کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ قائد اعظم نے مسلمانوں کو ان کا حق دے کر عظیم انسان ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔قائد اعظم نے دنیا کے افق پر پاکستان کا نقشہ کھینچنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔قائد اعظم کا پاکستان میں تمام اقلیتوں کو بنیادی حقوق دلوانے کا ویژن تھا۔ خواجہ سلمان رفیق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قائد اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستانی قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطاءفرمائے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباددےتے ہوئے کہاہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ پاک کے بہت برگزیدہ پیغمبر ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پوری دنیا کیلئے امن اور احترام کی علامت ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر اور بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔