لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں 21 دسمبر سے 31 دسمبر تک ڈرائیونگ لائسنسنگ آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، مہم کے تحت شہریوں کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تعلیمی اداروں کے باہر زیبرا کراسنگ کے استعمال کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ تعلیمی اداروں میں ٹریفک ایجوکیشن ونگز کی جانب سے سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک سہولیات سے متعلق ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور اسی سلسلے میں صوبہ پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنسنگ آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے ٹریفک کا نظام بہتر اور شاہرات پر حادثات کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹریفک آگاہی مہم پر عمل درآمد سے شہری روڈ ایکسیڈنٹ سے محفوظ رہ سکیں گے اور دوران سفر اپنی اور دوسروں کی جان بچا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں سینئر ٹریفک پولیس افسران کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہدا کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اور گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قصور پولیس کے اے ایس آئی اکرم شہید کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا ہے۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق نجی ہاو¿سنگ سوسائٹی (بیرون جدید اربن گلبرگ کالونی قصور) میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی محمد اکرم نے رواں سال مارچ میں ریڈ کے دوران جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا، اسکے لواحقین میں اہلیہ اور 4 بیٹے شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی اکرم شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس آئی اکرم نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اے ایس آئی اکرم شہید جیسے 1650 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے جن کی بہترین ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شہداءکو گھروں کی فراہمی جاری،تعلیمی اداروں کے باہر زیبرا کراسنگ کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے: آئی جی پنجاب
















