پی ٹی آئی کے 102 کارکن 26 نومبر مقدمے سے ڈسچارج، دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے 102 کارکنوں کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے پولیس کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 57 گرفتار ورکرز کو رہا کیا جو جوڈیشل کمپلیکس سے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے، تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے 2مقدمات میں گرفتار 95 ملزمان کو جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا، جس میں عدالت نے 9 ملزمان کو ڈسچارج جبکہ 3 کا دو روزہ ریمانڈ منظور کیا،تھانہ کراچی کمپنی میں درج ایک اور کیس میں عدالت نے 8 ملزمان کو ڈسچارج کیا جبکہ 4 کم عمر سمیت 75 ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کردیا،ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو آگاہ کیا گیا ریمانڈ پر بھیجے گئے 4 ملزمان کم عمر ہیں انکو بھی ڈسچارج کیا جائے، عدالت نے کم عمر بچوں کے حوالے سے پولیس سے فوری تفصیلات طلب کر لیں،جج نے پولیس کو ہدایت کی 75 ملزمان میں شامل بچوں سے متعلق تفصیلات فوری فراہم کی جائیں، اس کے علاوہ تھانہ کوہسار پولیس کی جانب سے 33 ملزمان کو عدالت پیش کیا گیا،انسداد دہشتگردی عدالت نے 24 ملزموں کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا جس پر جج نے ملزمان کی ہتھکڑیاں کمرہ عدالت میں کھلوائیں اور انہیں دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا،عدالت نے شریک 9 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا پولیس کی جانب سے ملزمان کو دوبارہ گرفتار کئے جانے کی اطلاعات ہیں، جج نے پولیس کو سختی سے ہدایت کی کسی بھی ڈسچارج ملزم کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔