لاہور (سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ سیاست سے اصول پسندی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ریاستی اداروں کی سیاست میں مداخلت کی وجہ سیاسی جماعتوں کی اپنی کمزوری ہے۔ سیاست عوام کی ملکی امور میں شمولیت کا نام ہے مگر عام لوگوں کواس سے دور رکھا گیا ہے۔چھوٹا طبقہ اپنی روزی روٹی کی چنگل سے ہی نہیں نکل سکا ،جس کی وجہ سے سیاست سے عام لوگ متنفر ہوتے جارہے ہیں۔افسوسناک بات یہ بھی ہے کہ سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کے تسلط نے بھی عام آدمی کو سیاست سے دور رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر سینئر صحافیوں کے اعزاز میں عشائیے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عشائیے میں کالم نگار چودھری خادم حسین، علی جاوید نقوی، اشرف سہیل ،نذیربھٹی ،تصور شہزاد، شبیر حسین گیلانی، محمد حسنین اور دیگر موجود تھے۔منیر گیلانی نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کرنا آسان مگر اس پر عمل درآمد مشکل ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جب پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ جی ڈی اے کا حصہ تھے تو اس وقت بھی اسی طرح سیاسی نابالغوں جیسی باتیں کرتے تھے۔اگر کوئی سول نافرمانی کی تحریک چلانا چاہتا ہے تواس کیلئے پہلے فضا ہموار کی جاتی ہے۔کیا عام آدمی اس کیلئے تیار ہے کہ وہ بجلی کے بل نہ ادا کرے ،بینکوں میں پیسے جمع نہ کروائے، پانی اور گیس کے بل نہ دے۔کیا تحریک انصاف نے لوگوں میں ان بنیادی سہولتوں سے انکار کی جرات پیدا کردی ہے؟یقینی طور پر تحریک انصاف ایسا کوئی کام نہیں کر سکتی۔ سب سے پہلے تحریک انصاف کو خود اپنی حلقوں میں اتحاد اور ایک موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے باغی گروہ کی کامیابی کے صرف مشرق وسطیٰ ہی نہیں،پوری دنیا میں منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
پاکستان میں سیاست سے اصول پسندی ختم ہوتی جا رہی ہے: منیر حسین گیلانی

















