موجودہ حکومت ڈنگ ٹپاو پالیسی پر گامزن ہے:چودھری یاسین


میر پور:(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین نے کہا ہے آزاد خطہ کے اندر جلد پی پی پی عوامی حکومت قائم کرے گی ،موجودہ حکومت ڈنگ ٹپاو پالیسی پر گامزن ہے، پیپلز پارٹی نے عوامی حقوق اور جمہوریت کےلئے لازوال قربانیاں دیں، شہید قائد ذوالفقار بھٹو نے کشمیر کی آزادی کےلئے ایک ہزار سال تک جنگ کرنے کا اعلان کیا ،آزادی کشمیری قوم کا بنیادی حق ہے بھارت طاقت کے بل بوتے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا

چودھری یاسین نے کہا کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی،حق خود ارادیت کے بغیر خطہ میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے، عوامی حقوق کی تحریک کے دوران حکومت سے بہت بڑی مس ہینڈلنگ ہوئی، میں نے 8 مئی کو ویڈیو پیغام کے ذریعے بھی وزیراعظم آزاد کشمیر کی طرف سے عوام پر طاقت کے استعمال کی مذمت کی، کشمیر کا واحد سیاستدان ہوں جس نے سب سے پہلے عوام کے حق کےلئے سستی بجلی اور سستے آٹے کی مکمل حمایت کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ میرپور کے دوران کشمیر پریس کلب میرپور میں صدر سید عابد حسین شاہ سمیت تمام منتخب عہدے داران کو مبارکباد دیتے ہوئے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔