ساہیوال (بےورورپورٹ)ساہیوال ڈویژن میں گندم کی بوائی تیزی سے جاری ہے اور اب تک ڈویژن بھر میں 4 لاکھ 69 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جاچکی ہے جو کل ہدف 9 لاکھ 20 ہزار ایکڑ کا 51 فیصد ہے۔ ضلع ساہیوال میں اب تک ایک لاکھ 52 ہزار ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں ایک لاکھ80 ہزار اور ضلع پاکپتن میں ایک لاکھ 36 ہزار 500 سے زائد ایکڑ رقبے پر فصل کاشت ہوچکی ہے جو پچھلے سال اب تک کاشت کردہ رقبے سے صرف 0.55 فیصد کم ہے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقدہ گندم کی بوائی کے تیسرے جائزہ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتائی جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی اور اوکاڑہ احمد عثمان جاوید سمیت ریونیو، زراعت،کراپ رپورٹنگ، فرٹیلائزر ڈیلرز کے نمائندوں اور کاشتکاروں نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اب تک گندم کی بوائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور محکمہ ریونیو اور زراعت کے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ گندم کاشت کے ٹارگٹ کے حصول تک کاشتکاروں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کو درپیش مشکلات کو فوری دور کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی غذائی ضروریات میں گندم کا اہم حصہ ہے اسلئے حکومت گندم کی بوائی پر کسانوں کو بہت سی مراعات اور انعامات بھی دے رہی ہے جس سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ اس وقت گندم کی بوائی عروج پر ہے اور توقع ہے کہ ساہیوال ڈویژن کا 9لاکھ20ہزار ایکڑ کا ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ سرکاری اراضی خصوصاً گھوڑی پال اور نمبرداری رقبوں پر گندم کی کاشت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے کسان کارڈ کا اجراءچھوٹے کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی خریداری میں بہت معاون ثابت ہورہا ہے جس سے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر ن اجلاس کو بتایا کہ ڈویژن بھر میں گندم کے بیج اور کھاد کا وافر سٹاک مارکیٹ میں موجود ہے اور ان کے ریٹ کی بھی اوورچارجنگ نہیں ہورہی۔ اجلاس میں ایکسین اریگیشن نواز باجوہ نے بتایا کہ نہری پانی کی16فیصد کمی کا سامنا ہے جسے بہتر مینجمنٹ کے ساتھ پورا کیا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے ایکسین اریگیشن کو ہدایت کی کہ وہ نہروں میں پانی کی کمی کے حوالے سے کسانوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ پاکپتن سے کاشتکار عامر حیات بھنڈارہ نے امکان ظاہر کیا کہ کسان گندم کاشت پر ہونیوالے اخراجات کو کم رکھنے کے لئے کھاد کا کم استعمال کریں گے جس سے پیداوار متاثر ہوسکتی ہے جس پر پنجاب حکومت کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام کنٹریکٹرز اپنے وسائل بڑھائیں تاکہ جاری کام ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ فریدیہ پارک روڈ کی مرمت و بحالی کردی گئی ہے اور اسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جس پر کمشنر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر نے راجباہ 9ایل کے کنارے پر گرین بیلٹ میں صفائی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری صاف کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چک نمبر86/6Rمیں سیوریج لائن ڈالنے کے بعد سڑک کی مرمت نہ کرنے پر عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اجلاس میں ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بجٹ کا بھی جائزہ لیا اور اسے کمپنی کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کی ہدایت کی۔
سرکاری افسران گندم کا ٹارگٹ حاصل ہونے تک کاشتکاروں سے قریبی رابطہ رکھیں :کمشنر ساہیوال


















