نیویارک:(بیورورپورٹ)سابق وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے پاکستانی تارکین وطن قومی ترقی کے مشترکہ مقصد کےلئے متحد ہوں،دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے اوورسیز پاکستانی مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں تلے بٹے ہیں،قائدکے رہنما اصولوں کے تحت اکٹھے ہوکراپنے ملک کو مضبوط ،معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے،ان خیالات کااظہار انہوں نے علی زئی فاﺅنڈیشن ،چیئرمین فورتھ پلر فاروق مرزا اور سینئر صحافی سید شہباز شاہ کے زیر اہتمام پاکستان ہاوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں گوجرانوالہ کینٹ کے سابق کونسلر ،سماجی وکشمیری رہنما خواجہ فاروق ،نیویارک میئر دفتر کی رابطہ افسر عطیہ شہناز ، کمیونٹی کے رہنماوں و نمایاں شخصیات نے بھی شر کت کی۔
فردوس عاش اعوان نے کہا ملکی ترقی کاخواب پورا کرنے کیلئے متحد ہونا ہوگا،سوشل میڈیا پر کچھ افراد کی جانب سے مالی مفادات کی خاطر پاکستان کی منفی تصویر پیش کرنا افسوسناک ،غلط و نقصان دہ بیانیہ عالمی سطح پرملک کو نقصان پہنچاتا ہے ،کمیونٹی قومی یکجہتی کو فروغ دے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہاہر روز بہادر سپاہی وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں،پاک فوج کی حمایت کرنا فرض ہے،اوورسیز پاکستانی خواتین قومی ترقی خصوصاً آئی ٹی کے شعبے میں فعال کردار ادا کریں،پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں میں مشترکہ خامی دیکھی اور وہ ہے ایک شخص کی حاکمیت،تمام جماعتوں میں حقیقی جمہوریت نہیں جب تک اندرونی طور پر جمہوریت نہیں لاتے ملک میں جمہوریت نہیں لا سکتے۔
تقریب کے اختتام پرفردوس عاشق اعوان نے کمیونٹی کے افراد، بشمول نمایاں شخصیات نسیم علی زئی، فاروق مرزا، شاہد مرزا،خواجہ فاروق کاخصوصی شکریہ ادا کیا،خواجہ فاروق،عطیہ شہناز،مسٹر ظہیر ودیگر نے بھی خطاب کیا اورکمیونٹی کے اتحاد ،بین الاقوامی سطح پرپاکستان کے مثبت تاثر کو فروغ دینے پر زور دیا،چیئرمین علی زئی فاﺅنڈیشن نسیم علی زئی کی جانب سے بہترین کھانے سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
ملکی ترقی کاخواب پورا کرنے کیلئے متحد ہونا ہوگا، فردوس عاشق اعوان


















