تل ابیب (مشرق نیوز) وزارت دفاع کے قلم دان سے برطرفی کے چند دن بعد سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے بڑے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق گیلنٹ جو کئی مہینوں تک اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ تلخ انداز میں الجھتے رہے ہیں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں اپنے تمام اہداف حاصل کرلئے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ نیتن یاہو نے جنگ بندی کے بدلے حماس کے زیر حراست اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کو مسترد کر دیا ہے،گیلنٹ نے الزام لگایا کہ نیتن یاھو نے سکیورٹی کابینہ کے مشورے کو مسترد کر دیا۔انہوں نے گذشتہ روز بعض قیدیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ غزہ میں کرنے کے لیے کچھ نہیں بچا ہے کیونکہ ہم نے تمام بڑی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ ہم وہاں صرف اسلئے رہیں گے کہ وہاں بے کار رہنے کی خواہش ہے۔ان کا خیال تھا کہ فلسطینی پٹی میں اسرائیلی افواج کی بغیر کسی منصوبہ بندی یا مستقبل کے ہدف کے موجودگی سے فوجیوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔
گیلنٹ اور قیدیوں کے خاندانوں کے اہل خانہ کے درمیان ہونے والی بات چیت سے واقف ایک ذریعہ نے انکشاف کیا کہ سابق وزیردفاع نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بارے میں نیتن یاہو کے خیالات نہ فوجی ہیں اور نہ ہی سیاسی۔ وہ صرف ذاتی مقاصد کیلئے فوج کو غزہ میں رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیراعظم ہی واحد شخص ہیں جو حماس کے ساتھ قیدیوں کا سودا طے کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
گیلنٹ نیتن یاہو پر برہم، قیدیوں کی رہائی میں رکاوٹ قرار دیدیا



















