اسلام آباد(بیورورپورٹ)سکیورٹی فورسز کو دہشت گردی میں ملوث کسی بھی فرد کو گرفتار کرنے کے اختیارات دینے کےلئے قانون سازی کا آغاز کر دیاگیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگری ترمیمی بل کو قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا۔
ترمیمی بل کے مطابق آرمڈ، سول آرمڈ فورسز کو دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث فرد کو گرفتار کرنے کا اختیار دیا جائے گا، دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث شخص کو 3 ماہ کی تحویل میں لیا جا سکے گا،بل کے متن میں کہا گیا قابل گرفت معلومات اور وجوہات کی بنا پر کسی بھی فرد کو 3 ماہ کی تحویل میں لیا جائے گا، گرفتار شخص پر الزامات کی تحقیقات کےلئے اعلیٰ سطحی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے گی،ترمیمی بل کے مطابق جے آئی ٹی میں سپرنٹنڈنٹ پولیس افسر، انٹیلی جنس حکام، سول آرمڈ فورسز اور دوسری فورسز کے نمائندگان شامل ہوں گے، ترمیمی ایکٹ کو منظوری سے دو سال تک نافذ العمل تصور کیا جائے گا۔
بل کے اغراض و مقاصد کے مطابق 2014 میں بھی یہ ترمیم منظور کی گئی تھی جس کی مدت 2016 میں اختتام پذیر ہوئی۔
مزید برآں قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین پر توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا190 ملین پاو¿نڈ اسکینڈل میں جو نام ای سی ایل میں تھے وہ نکال دئیے ہیں، ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے پر نظرثانی ہوتی ہے،پورے دعوے سے کہہ سکتا ہوں نظرثانی کا معاملہ آئین اور قانون کے مطابق دیکھتے ہیں، کن اراکین کے نام ای سی ایل میں ہیں یا نہیں لسٹ کی سکروٹنی کر لیں گے، ایک مرتبہ ای سی ایل میں نام شامل ہو جائے تو پھر ریویو میں جانا پڑتا ہے،ریویو کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے، ذیلی کمیٹی کی سربراہی مجھے سونپی گئی جو ریویوز بھی آتے ہیں ہم پوری توجہ کے ساتھ سنتے ہیں، پچھلے ادوار میں بھی لوگ اس سے گزرے ہیں،پی ٹی آئی ارکان اپنے شناختی کارڈز نمبرز سیکرٹری اسمبلی کو دےدیں اگر پہلے سے بتاتے تو سکروٹنی کرکے آتا اور یہاں بتا دیتا، اگر کسی ضمانت ہوچکی ہے تو اسے دیکھا جائے گا، جو گڑھا کسی کے لیے کھودا جاتا ہے خود اسی میں گرتے ہیں۔
سکیورٹی فورسز کوجرائم میں ملوث فرد کی گرفتاری کے اختیارات دینے کیلئے قانون سازی شروع


















