ایمرجنسی سروسز میں بہتری شرح اموات میں کمی کا سبب بن رہی ہے:مجتبیٰ شجاع
لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا صحت کے شعبہ میں کلینکس آن ویلز وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا مثالی منصوبہ ہے جو دور دراز علاقوں میں لوگوں کو گھروں کی دہلیز پر علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے،ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ موبائل اور فیلڈ ہسپتالوں کا قیام صوبے میں آبادی کے اعتبار سے علاج کی ناکافی سہولیات کی کمی کو پورا کر رہا ہے، ایمرجنسی سروسز میں بہتری شرح اموات میں کمی کا سبب بن رہی ہے،صوبائی وزیر لاہور کے نجی ہوٹل میں فیملی فزیشن اکیڈمی کے زیر اہتمام فیملی کون کی 34ویں سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔
کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا پنجاب حکومت صحت کے شعبہ میں بھر پور سرمایہ کاری کر رہی ہے، صوبے میں سماجی تحفظ کے منصوبہ جات پر سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پبلک فنانس مینجمنٹ کو بہتر بنایا جا رہا ہے،آن لائن وصولیاں ٹیکس سسٹم میں شفافیت کے ساتھ ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافے کو یقینی بنا رہا ہے، صحت کے میدان میں نجی شعبہ بالخصوص، فیملی فزیشنز کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں،فیملی فزیشن آبادی کے ایک بڑے حصے کو علاج کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔



















