لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے تعلیم دوست ویژن کے تحت پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے ریکارڈ سکالرشپس جاری کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ رواں سال پولیس ملازمین کے 9208 بچوں کو ڈگری پروگرامز کی فیسوں کی ادائیگی کیلئے 62 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد تعلیمی وظائف دئیے گئے ہیں جن کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں طلبا اپنی تعلیم مکمل کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ رواں سال پولیس ملازمین کے بچوں کی ایجوکیشن ویلفیئر پر 833 ملین روپے سے زائد رقم خرچ کی جائے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کے بہتر تعلیمی پروگرامز کے انتخاب کیلئے یوٹیوب چینل سمیت دیگر ذرائع سے بھرپور راہنمائی فراہم کر رہے ہیں، شہدا اور پولیس کانسٹیبلری کے ہونہار بچوں کو دیگر ممالک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے فارن سکالرشپس بھی جاری ہیں۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جھنگ سرگودھا روڈ پر ٹریفک حادثہ میں ایس ایچ او کانڈیوال سب انسپکٹر علی عباس کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جاں بحق افسر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سب انسپکٹر علی عباس کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائےگا، محکمہ پولیس علی عباس کے اہلخانہ کے شانہ بشانہ موجود رہیگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او جھنگ کو سب انسپکٹر کے اہلخانہ سے قریبی رابطہ رکھنے اور ہر ممکن معاونت کی ہدایت کی۔
رواں سال ملازمین کے بچوں کو ساڑھے 62 کروڑ سے زائد کے تعلیمی وظائف دئیے :آئی جی پنجاب

















