انجینئرنگ یونیورسٹی میں ہوسٹلز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائیگا: ڈاکٹر شاہد منیر

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے بین الاقوامی طلباءکے ساتھ ملاقات کی جس کا مقصد ان طلباءکو درپیش مسائل کا جائزہ لینا اور انکے حل کیلئے مناسب اقدامات کرنا تھا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر، مختلف شعبہ جات کے ڈینز، انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کی کوآرڈینیٹر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز، سینئر وارڈن، ریزیڈنٹ ٹیوٹرز اور ڈپٹی رجسٹرار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سری لنکا، افغانستان، فلسطین اور کینیا سمیت مختلف ممالک کے طلباءنے انتظامیہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی طلباءکے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ یونیورسٹی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی یو ای ٹی کی بین الاقوامی حیثیت کو تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے اور طلباءکو درپیش مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائیگا۔ طلباءنے اپنی تعلیمی، رہائشی اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق مسائل وائس چانسلر کے سامنے پیش کئے۔ وائس چانسلر نے تمام مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کریگی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی طلباءکی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیمی ترقی یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یو ای ٹی میں بین الاقوامی طلباءکا تجربہ مثبت اور خوشگوار ہونا چاہئے اور یونیورسٹی ان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ملاقات کے اختتام پر بین الاقوامی طلباءنے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت میں یو ای ٹی کا ماحول مزید دوستانہ اور تعاون پر مبنی ہوگا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔