ساہیوال (بےورو رپورٹ) بدھ کی رات سے کالج چوک میں فرید ٹان روڈ اور کالج روڈ کی سیوریج لائنوں کو ملانے کیلئے پائپ ڈالنے کا کام شروع ہوگا جو 2 دنوں میں مکمل کر لیا جائیگا۔ یہ بات کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت کمشنر شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خالد محمود گیلانی، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کی پریشانی کم رکھنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ٹریفک پولیس سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے آڑاتلہ روڈ اور فرید ٹان میں سڑکوں کی بحالی کے کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم ہوسکے۔ اجلاس میں میونسپل آفیسر جاوید انور گوندل نے بتایا کہ بلڈنگ برانچ کی پرانی فائلوں کو ڈیجیٹل کرنے کا کام بھی جاری ہے اور اب تک1842فائلوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اس اہم کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ریکارڈ کی حفاظت ممکن ہوگی بلکہ عوام کو ریکارڈ کی آسان دستیابی بھی ممکن ہوگی۔ میونسپل آفیسر پیام غنی نے اجلاس کو بتایا کہ پاکپتن بازار سے بھی تجاوزات ختم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد دوسرے بازاروں سے بھی تجاوزات ختم کی جائیں گی۔
تعمیراتی کاموں میں عوام کو تکلیف سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں :کمشنر ساہیوال


















